نئی دہلی ،27جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کےوزیر نتن گڈکری نے مدھیہ پردیش کے گنا میں ایک ہائی وے کی توسیع کےکام کے آغاز کے موقع پر مقامی ایم پی جیوتی رادتیہ سندھیا کو مدعو نہیں کئے جانے اور ان کا نام تختی پر نہ لکھے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آج لوک سبھا میں ان سے معافی مانگی۔
ایوان میں سوال کے بعد گنا سے کانگریس رکن پارلیمنٹ مسٹر سندھیا نے استحقاق خصوصی کے تحت یہ معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 23 جولائی کو گوالیار-شوپوري-دیواس ہائی وے کی توسیع کے آغاز کے موقع پر مقامی ایم پی کے ناطے انہیں مدعو کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پہلے جو افتتاحی تختی تیار کی گئی تھی اس پر ان کا نام تھا، لیکن اسے توڑکر دوسری تختی تیار کی گئی جس میں ان کا نام ہٹا دیا گیا۔ تعمیراتی کام کا آغاز مسٹر گڈکری نے کیا تھا۔ اس کے لئے مسٹر سندھیا نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس دیا ہے۔
مسٹر گڈکری نے یہ تسلیم کیا کہ ان کے محکمہ کی مقامی یونٹ سے غلطی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا’’میں قبول کرتا ہوں کہ غلطی ہوئی ہے اور محکمہ کی جانب سے میں معزز رکن سے معذرت خواہ ہوں‘‘۔ تاہم، انہوں نے مسٹر سندھیا کو مدعو نہ کرنے کے الزامات کو غلط بتایا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس غلطی کا پتہ چلتے ہی انہوں نے ضلع مجسٹریٹ سے اس بارے پوچھا تو پتہ چلا کہ مقامی ممبر پارلیمنٹ کو مدعو کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے آنے سے انکار کر دیا۔ اس کے باوجودان کی غیر موجودگی میں بھی ممبر پارلیمنٹ کا نام تختی پر ہونا چاہیے تھے۔